لاہور: تسنیم کوثر کے اعزاز میں شامِ پذیرائی اور جشنِ صحت، اہلِ قلم کی بھرپور شرکت
لاہور (ادبی رپورٹر)انجمن ترقی پسند لاہور کے زیر اہتمام ممتاز شاعرہ، ادیبہ اور انسانی حقوق کی ترجمان تسنیم کوثر کے اعزاز میں ایک پروقار "شامِ پذیرائی" اور ان کی صحت یابی کے موقع پر "جشنِ صحت" کا انعقاد روٹری کلب آف شادمان لاہور میں کیا گیا۔ تقریب کی صدارت معروف دانشورہ مسرت کلانچوی نے کی، جبکہ نذیر قیصر، رخشندہ، نوید ضیاء چاولہ اور ڈاکٹر فضیلت بانو مہمانانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئیں۔
تقریب میں لاہور اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے ممتاز اہلِ قلم، شعراء، ادباء، اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے تسنیم کوثر کی ادبی خدمات اور انسانی حقوق کے لیے ان کی جدوجہد کو سراہا، اور انہیں اکیسویں صدی کی کامیاب ترین شاعرہ و ادیبہ قرار دیتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔
مقررین نے اپنے خطابات میں تسنیم کوثر کے منتخب اشعار اور اقتباسات پیش کیے اور ان کے اسلوب، فکر اور زبان و بیان پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے دوران ان کی حالیہ صحت یابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ تسنیم کوثر جیسے حساس دل رکھنے والے ادیب معاشرے کی فکری رہنمائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات اور تہنیتی کلمات کے ساتھ ہوا، جس میں تسنیم کوثر کی درازیٔ عمر اور مسلسل ادبی خدمات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
No comments:
Post a Comment